۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
محمد حاج ابوالقاسم دولابی

حوزہ/مجلسِ خبرگان رہبری کے رکن نے کہا کہ مسلم معاشرے کو آزادانہ سوچ کے حصول کے لئے مادیات کی قید سے آزاد ہونا چاہئے، کیونکہ آزادانہ سوچ ہی کسی بھی امت کے اقتدار کا راز اور انقلاب لانے کا باعث بن سکتی ہے۔ انقلابِ اسلامی ایران خدا کے لئے قیام اور آزاد فکر کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد حاج ابوالقاسم دولابی نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم میں قرآن مجید کے 22ویں سپارے کی منتخب آیتوں کی تفسیر کے دوران، طاقتور امت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد سوچ امتِ اسلامیہ کے اقتدار کے عوامل میں سے ایک ہے، لہذا امت اسلامیہ کو استقلال کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور قرآن بھی خدا کے لئے قیام کرنے پر تاکید کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خدا کے لئے قیام یہ ہے کہ انسان اپنے آپ کو مادی مسائل اور تعلقات سے الگ کر کے قیام کرے اور پھر آزاد سوچ کو اپنے لئے سر مشق قرار دے۔

استاد حوزه علمیہ نے زور دے کر کہا کہ سورۂ سبا کی آیت نمبر 46 میں خدا، پیغمبر صلی اللہ علیہ والہ و سلم کو نصیحت کرنے کا دستور دیتے ہوئے فرماتا ہے کہ قُلْ إِنَّما اٴَعِظُکُمْ بِواحِدَةٍ اٴَنْ تَقُومُوا لِلَّہِ مَثْنی وَ فُرادی ثُمَّ تَتَفَکَّرُوا ما بِصاحِبِکُمْ مِنْ جِنَّةٍ إِنْ ھو إِلاَّ نَذیرٌ لَکُمْ بَیْنَ یَدَیْ عَذابٍ شَدیدٍ. کہہ دو کہ میں تو تمہیں صرف ایک ہی بات کی نصیحت کرتا ہوں کہ تم دو دو افراد (مِل کر ) یا اکیلے ہی خدا کے لئے کھڑے ہوجاؤ، اس کے بعد غور کرو اور سوچو ( کہ ) یہ تمہارا دوست اور ساتھی (محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کسی قسم کا بھی جنون نہیں رکھتا، وہ توصرف (خدا کے ) سخت عذاب سے تمہیں ڈرانے والا ہے۔ فکری انقلاب ہر انقلاب کی بنیاد ہے۔

مجلسِ خبرگانِ رہبری نے کہا کہ خدا کے لئے قیام کرنے کا مطلب، اپنے آپ کو مادی دنیا سے دور کر کے صرف اور صرف خدا کے لئے قیام کرنا ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین حاج ابوالقاسم نے مزید کہا کہ جب مشرکین کی جانب سے شور و غل ہو تو اگر کوئی حق کی تلاش میں ہو تو وہ صحیح معنوں میں صحیح اور غلط کی تشخیص نہیں کر سکتا، اس لئے اسے تمام مادی تحریکوں سے دوری اختیار کرنی چاہئے، تاکہ اس کا قیام خالص خدا کے لئے ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم معاشرے کو آزادانہ سوچ کے حصول کے لئے مادیات کی قید سے آزاد ہونا چاہئے، کیونکہ آزادانہ سوچ ہی کسی بھی امت کے اقتدار کا راز اور انقلاب لانے کا باعث بن سکتی ہے، جیسا کہ انقلابِ اسلامی ایران خدا کے لئے قیام اور آزاد فکر کی بنیاد پر وجود میں آیا۔

خطیبِ حرمِ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا نے کہا کہ خدا کے لئے قیام ایک سماجی تحریک کا باعث اور دشمنوں کے خلاف مومنین کے لئے طاقت کا ذریعہ بنتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت اسلامیہ کو استکبار جہاں کی طرف سے افغانستان اور مسجد الاقصیٰ میں امت اسلامیہ پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف قیام کرنے، تفکر کرنے، آزادانہ طریقے سے سوچنے اور بیدار ہونے کی ضرورت ہے اور مادی وابستگیوں سے دوری اختیار کریں، تاکہ عالمی سطح پر ایک طاقتور قوت بن سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .